پاکستان ریلویز نے تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدن حاصل کر لی، حنیف عباسی

پاکستان ریلویز نے تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدن حاصل کر لی، حنیف عباسی

پاکستان ریلویز نے مالی سال 2025-26 کے دوران اپنی تاریخ کی بلند ترین سالانہ آمدنی حاصل کرتے ہوئے 115.157 ارب روپے کا نیا مالیاتی ریکارڈ قائم کر دیا۔ سرکاری مالیاتی دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ریلوے کی مجموعی آمدنی میں 24.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مسافر، فریٹ، کمرشل، پراپرٹی، سنڈری ریونیو اور دیگر اہم شعبوں میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریکارڈ مالی کارکردگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریلوے کی مالی اور انتظامی بہتری کے لیے مقرر کیے گئے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے ریلوے کے مالی معاملات اور مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے جو ٹارگٹ دیا تھا وہ پورا کر لیا ہے۔ یہ پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ اب ہماری توجہ پاکستان ریلویز کو مزید جدید، مؤثر اور خود کفیل ادارہ بنانے پر ہے۔”

 یہی بھی پڑھیں اب بجلی بنائیں ریلوے ٹریکس سے،منفرد منصوبہ توجہ کا مرکز

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسٹیٹ آف دی آرٹ ریلوے نیٹ ورک، جدید انفراسٹرکچر، ڈیجیٹلائزیشن، فریٹ سسٹم کی توسیع اور مسافروں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ ریلوے کو ایک مضبوط اور منافع بخش قومی ادارہ بنایا جا سکے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 میں مسافر آمدنی 50.590 ارب روپے رہی جو پاکستان ریلویز کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی عرصے میں فریٹ آمدنی 40.781 ارب روپے جبکہ سنڈری آمدنی 16.401 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جس میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 91 فیصد اضافہ ہوا۔

دستاویزات کے مطابق سنڈری ریونیو میں پراپرٹی اور لینڈ سے 11.996 ارب روپے، اسکریپ سے 1.966 ارب روپے، کمرشل سرگرمیوں سے 2.123 ارب روپے جبکہ دیگر ذرائع سے بھی قابل ذکر آمدنی حاصل ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ریلویز نے روایتی ذرائع کے ساتھ ساتھ غیر روایتی آمدنی کے مواقع سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا۔

 یہ بھی پڑھیں :عالمی دباؤ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑی، تاہم اضافہ محدود رکھا گیا تاکہ عوام پر بوجھ کم سے کم رہے، حنیف عباسی

مالیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلویز کی مجموعی آمدنی مالی سال 2023-24 میں 88.792 ارب روپے، 2024-25 میں 92.728 ارب روپے اور 2025-26 میں بڑھ کر 115.157 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ صرف ایک سال کے دوران آمدنی میں 22.429 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ دو برسوں میں مجموعی اضافہ 26.365 ارب روپے، یعنی تقریباً 29.69 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

فریٹ آپریشنز میں بھی نمایاں پیش رفت سامنے آئی۔ فریٹ ریونیو 31.914 ارب روپے سے بڑھ کر 40.781 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو ایک سال میں 27.78 فیصد اور دو سال میں 45 فیصد اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

editor

Related Articles