اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی خبروں نے گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رکھی تھی، تاہم اب ان کی بہن رمشا اقبال نے ان خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
دوسری جانب شادی سے قبل اداکارہ ایک تنازع کا بھی سامنا کر رہی ہیں۔ مومنہ اقبال نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اداکارہ نے اس معاملے سے متعلق انسٹاگرام اسٹوری بھی شیئر کی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال کی ہراساں کیے جانے کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے پنجاب کے ایک ایم پی اے کو طلب بھی کر لیا ہے۔
کیس کی پیروی مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال کر رہی ہیں، جو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیس میں ہونے والی پیشرفت اور مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق اہم تفصیلات شیئر کیں۔
رمشا اقبال کا کہنا تھا کہ کیس میں اب تک مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور تمام ثبوت متعلقہ اداروں کو فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایم پی اے کو بھی طلب کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے میڈیا اور عوام کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو زیادہ میڈیا پر نہیں لانا چاہتے، تاہم انہیں مشکلات کے باوجود حکومتی سطح پر سکیورٹی فراہم کی گئی۔ رمشا کے مطابق مومنہ اقبال کے ہونے والے سسرال والوں کو بھی دھمکیوں کے باعث سکیورٹی دی گئی ہے۔
رمشا اقبال نے تصدیق کی کہ مومنہ اقبال کی شادی محمد حمزہ حبیبی سے طے پا گئی ہے اور نکاح یکم جون کو ہو گا۔ ان کے مطابق یہ رشتہ خاندان کی رضامندی سے طے ہوا ہے اور ہونے والے دولہا ان کے رشتے دار نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی بہن کے کیس کو بھرپور انداز میں لڑیں گی، کیونکہ انہوں نے بیرونِ ملک سے وکالت کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور پاکستان میں قانون کا عملی تجربہ بھی رکھتی ہیں۔