لیگی ایم پی اے اور مومنہ اقبال تنازع، چونکا دینے والے حقائق سامنے آگئے

لیگی ایم پی اے اور مومنہ اقبال تنازع، چونکا دینے والے حقائق سامنے آگئے

نامور اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے ہیں، لیگی ایم پی اے پہلے سے شادی شدہ نکلا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کی جانب سے نامور اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے ہائی پروفائل کیس میں چونکا دینے والے حقائق سامنے آ گئے۔

اداکارہ مومنہ اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے روبرو پیش ہوئیں، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کے وکلاء نے اس پورے تنازع کی اصل وجہ اور پسِ منظر کا کچا چٹھا کھول دیا۔

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال کے وکلاء، عدنان احسان اور رمشا اقبال نے بتایا کہ اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کے درمیان سال 2022ء اور 2023ء سے تعلقات تھے، لیگی ایم پی اے اداکارہ سے ہر صورت شادی کے خواہاں تھے اور انہوں نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ رشتہ بھی بھجوایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :مومنہ اقبال کی ہراساں کرنے کی شکایت ، این سی سی آئی اے نے رکن پنجاب اسمبلی کو طلب کرلیا

وکلاء کا کہنا تھا کہ بعد میں معلوم ہوا کہ مذکورہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں، وہ پہلے سے شادی شدہ ہونے کے باوجود اداکارہ مومنہ اقبال سے تیسری شادی رچانا چاہتے تھے،انہوں نے بتایا کہ ایم پی اے کی پہلی شادیوں کا پتہ چلنے پر اداکارہ مومنہ اقبال نے اخلاقی بنیادوں پر ان سے اپنے تمام تعلقات فوری طور پر ختم کر دیے تھے۔

وکلاء نے کیس کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سارا معاملہ اس وقت خراب ہوا جب اداکارہ مومنہ اقبال کا رشتہ کسی دوسری جگہ طے ہو گیا، جیسے ہی مومنہ اقبال کی دوسری جگہ شادی طے ہوئی، تو لیگی ایم پی اے آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے اداکارہ کو باقاعدہ ہراساں کرنا شروع کر دیا۔

وکلا نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کروا دیا،وکلاء نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ لیگی ایم پی اے کی تمام تر دھمکیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی اپنے مقررہ وقت یعنی یکم جون کو ہی دھوم دھام سے منعقد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :کاش مریم نواز کراچی آجائیں تو یہاں کا حال بھی اچھا ہوجائے، مومنہ اقبال وزیراعلیٰ پنجاب کی معترف

اداکارہ کے وکلاء نے میڈیا کو بتایا کہ ہراساں کیے جانے، دھمکیوں اور بلیک میلنگ پر مبنی تمام ٹھوس دستاویزی اور ڈیجیٹل شواہد این سی سی آئی اے کے افسران کے سامنے پیش کر دیے گئے ہیں،تفتیشی حکام کی جانب سے انتہائی مثبت رویہ سامنے آیا ہے اور قوی امید ہے کہ اداکارہ کو مکمل انصاف ملے گا۔

وکلاء اور اداکارہ مومنہ اقبال نے اس حساس معاملے کا فوری اور ذاتی طور پر نوٹس لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک خاتون فنکارہ کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

editor

Related Articles