فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ حالیہ پالیسی تبدیلیوں کے تحت سولر صارفین پر کوئی نیا 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا رہا اور اس حوالے سے گردش کرنے والے دعوؤں کی تردید کی ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق بجلی کے بلوں پر پہلے سے لاگو 18 فیصد سیلز ٹیکس، جو تمام گھریلو صارفین پر عائد ہوتا ہے، وہی سولر سسٹم استعمال کرنے والوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
حکام نے زور دے کر کہا کہ یہ سولر صارفین کے لیے کوئی نیا یا خصوصی ٹیکس نہیں بلکہ وہی معیاری سیلز ٹیکس ہے جو طویل عرصے سے بجلی کے بلوں کا حصہ ہے۔
یہ وضاحت سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایک ٹوئٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ گراس میٹرنگ سے متعلق نئے ٹیکس قوانین کے باعث سولر صارفین کے بلوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اس بیان سے غلط فہمی پیدا ہوئی کیونکہ اس میں یہ تاثر دیا گیا کہ سولر صارفین پر اضافی سیلز ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔