ٹی 20 ورلڈکپ: آج کی شکست کے بعد کیا افغانستان اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے؟

ٹی 20 ورلڈکپ: آج کی شکست کے بعد کیا افغانستان اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے؟

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مسلسل دو میچز میں شکست کے بعد افغانستان کرکٹ ٹیم کے فینز مایوس ہوگئے ہیں جبکہ ٹیم کا ایونٹ میں سفر انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

بدھ کو افغانستان کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف ڈبل سپر اوور میں انتہائی دل شکن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گروپ ڈی کے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد پروٹیز نے 187 رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم بھی 187 رنز بنا سکی اور میچ برابر ہونے پر سپر اوور کروایا گیا۔

پہلے سپر اوور میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکی۔ اس کے بعد دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے، تاہم افغان ٹیم 19 رنز بنا سکی اور یوں پروٹیز کو 4 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔

راشد خان کی قیادت میں کھیلنے والی افغان ٹیم، جو اس سے قبل اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ سے بھی ہار چکی تھی، اب گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ : دوسرے سپراوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعدجنوبی افریقہ نے افغانستان کو ہرا دیا

مسلسل دو شکستوں کے بعد افغانستان اس وقت گروپ ڈی میں 0.555- کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا دو، دو میچز کھیل کر 4،4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

ورلڈکپ میں ہر ٹیم نے 4 میچ کھیلنے ہیں اور ٹاپ 2 ٹیمیں اگلے مرحلے میں جائیں گی۔ دو میچز میں شکست کے باوجود افغانستان اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے، تاہم اس کا یہ سفر انتہائی مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔

افغانستان کو سپر 8 میں جگہ بنانے کے لیے نہ صرف اپنے باقی دونوں میچز (یو اے ای اور کینیڈا کے خلاف) بڑے مارجن سے جیتنا ہوں گے، بلکہ اسے اس بات کی بھی امید رکھنی ہوگی کہ جنوبی افریقا یا نیوزی لینڈ اپنے باقی دونوں گروپ میچز میں بڑے مارجن سے شکست سے دوچار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستانی معروف اسپنر کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار، پابندی کا خدشہ

اگر یہ تمام شرائط پوری ہو جاتی ہیں تو افغانستان بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ 2 میں جگہ بنا کر اگلے مرحلے میں جا سکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *