خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے ایک ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ ایک سینئر افسر شدید زخمی ہو گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ پنیالہ کی حدود میں واقع علاقے وانڈہ بڈھ میں پیش آیا، جہاں پولیس اہلکار معمول کے مطابق گشت پر مامور تھے۔ اسی دوران گھات لگائے دہشت گردوں نے اچانک پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے بھی فوری جوابی کارروائی کی گئی، جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے اس تبادلے کے نتیجے میں تھانہ پنیالہ کے ایس ایچ او فہیم ممتاز خان مروت سمیت پانچ پولیس اہلکار موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید ہونے والے اہلکار امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان بھی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں ریسکیو ٹیموں کی مدد سے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق زخمی افسر کی حالت تشویشناک ہے تاہم علاج جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ اور کومبنگ آپریشن میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ حملہ آوروں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔