امریکا میں فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے دوران ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں عالمی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے نامزد کیے گئے ایک معروف ریفری کو ملک میں داخلے سے روک دیا گیا۔
واقعے نے کھیلوں کی دنیا اور سفارتی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔رپورٹس کے مطابق صومالیہ سے تعلق رکھنے والے ریفری عمر عبدالقادر آرتان میامی ایئرپورٹ پہنچے تھے جہاں امیگریشن حکام نے انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور فوری طور پر واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں انہیں ترکیہ جانے والی پرواز پر سوار کر دیا گیا۔ اس اچانک فیصلے کی وجوہات سرکاری طور پر واضح نہیں کی گئیں۔عمر عبدالقادر آرتان کو عالمی فٹبال حلقوں میں ایک باصلاحیت ریفری کے طور پر جانا جاتا ہے اور انہیں 2025 کا بہترین افریقی ریفری بھی قرار دیا جا چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے پاس سفارتی پاسپورٹ بھی موجود تھا جو انہیں صومالی سفارتخانے کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود انہیں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔
واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا منفرد ایونٹ ہوگا جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جس سے یہ ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹس میں شمار ہوگا۔