کراچی کے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری ہے کہ انہیں رواں ہفتے کے اختتام پر مسلسل تین دن کی چھٹیاں میسر آئیں گی، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ انسانی وسائل کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق 22 ذوالحجہ 1447 ہجری بمطابق 8 جون، حضرت عبداللہ شاہ غازی کے سالانہ عرس کی مناسبت سے کراچی میں مقامی تعطیل ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام دفاتر بند رہیں گے تاہم ہنگامی اور ضروری خدمات انجام دینے والے ادارے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
اس تعطیل سے قبل ہفتہ اور اتوار کی معمول کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی ہوں گی، جس کے باعث کے ایم سی کے ملازمین کو مسلسل تین روز تک آرام اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔
ہر سال حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے عرس کے موقع پر کراچی میں مختلف مذہبی اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں، مقامی تعطیل کے اعلان کا مقصد شہریوں اور زائرین کو ان تقریبات میں شرکت کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔