سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز میں ذمہ داریاں مل گئیں

سرفراز احمد کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز میں ذمہ داریاں مل گئیں

ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال ختم ہوگئی ہے اور انہیں آئندہ سیریز کے لیے کلین چٹ دے دی گئی ہے جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے مستقبل پر اب بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ان دونوں اہم دوروں کو ان کی کوچنگ کارکردگی کے لیے فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے جس کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ متوقع ہوگا۔

 سرفراز احمد کو حال ہی میں دورہ بنگلہ دیش کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی تھی جہاں میرپور اور سلہٹ میں کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس شکست کے بعد ان کے مستقبل سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں اور یہ تاثر بھی پیدا ہوا کہ سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کو ان کی جگہ ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں تاہم اب انہیں مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی پوزیشن برقرار تو ہے لیکن قیادت کے حوالے سے ابہام ختم نہیں ہو سکا۔ چند روز قبل ان کی چیئرمین پی سی بی سے ملاقات بھی ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے مستقبل پر مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں کو بڑا جھٹکا، مارکیٹ ہل گئی

اعداد و شمار کے مطابق شان مسعود کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے 16 ٹیسٹ میچز میں سے 12 میں شکست کا سامنا کیا ہے تاہم انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے ان کا ریکارڈ بہتر رہا ہے۔ انہوں نے ان میچوں میں 2 سنچریوں اور 10 نصف سنچریوں کی مدد سے 1065 رنز اسکور کیے ہیں جس سے ان کی بیٹنگ فارم کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے سلمان علی آغا کا نام بھی زیر غور ہے جو اس وقت ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور ایک آل راؤنڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم ان کے حق میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ انہوں نے ابھی تک انگلینڈ میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا جبکہ شان مسعود کو وہاں تجربہ حاصل ہے۔

editor

Related Articles