پشاور ( تیمور خان سے ) خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نہم تا بارہویں جماعت کی امتحانی فیس حکومت کی جانب سے ادا کرنے کی تجویز وزیر اعلیٰ کو منظوری کے لیے ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں لاکھوں طلبہ اس اقدام سے مستفید ہوں گے۔ اس سے سالانہ تقریباً 3 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ صوبائی حکومت پر پڑے گا، تاہم طلبہ اور ان کے والدین کو فیس کی ادائیگی سے مکمل ریلیف حاصل ہوگا۔
موجودہ نظام کے تحت ہر تعلیمی بورڈ میں نہم سے بارہویں جماعت تک ہر طالبعلم سے تقریباً 2500 روپے امتحانی فیس وصول کی جاتی ہے۔ مجوزہ منظوری کے بعد یہ فیس طلبہ سے وصول نہیں کی جائے گی بلکہ حکومت براہِ راست ادا کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ہر طالبعلم کی فیس صرف ایک مرتبہ ادا کرے گی۔ اگر کوئی طالبعلم جماعت نہم میں امتحان پاس نہ کر سکا تو دوبارہ اسی جماعت کی فیس اسے خود ادا کرنا ہوگی۔ تاہم کامیابی کی صورت میں دسویں سے بارہویں جماعت تک کی فیس بھی حکومت ادا کرے گی۔