اسلام آباد پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی تعلیمی اداروں کے لیے خدمات کو زیادہ مؤثر، قابلِ اعتماد اور شفاف بنانے کے مقصد سے اپنے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔
یہ اقدام ادارے کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں کام کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے لیے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور انتظامی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اس پیش رفت کے تحت اتھارٹی نے رجسٹریشن اور تجدید کے عمل کو مکمل طور پر کاغذ سے پاک بنانے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے جاری کیے گئے ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے اور نجی تعلیمی شعبے میں کاروبار کرنے کے عمل کو آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں قائم تمام نجی تعلیمی اداروں کے لیے رجسٹریشن اور تجدید کی درخواستیں صرف آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوں گی[اس تاریخ کے بعد کاغذی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی اس نئے نظام کا مقصد انتظامی طریقہ کار کو آسان بنانا، درخواستوں کی پراسیسنگ کا وقت کم کرنا، کاغذی کارروائی کو محدود کرنا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔
اتھارٹی کے حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو بھی مزید مضبوط بنایا جا سکے گا[آن لائن نظام کے ذریعے تمام درخواستوں اور متعلقہ امور کی نگرانی زیادہ مؤثر انداز میں ممکن ہوگی، جس سے مجموعی طور پر نظام میں بہتری آئے گی۔
اتھارٹی کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملّاح نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد اتھارٹی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کاغذ سے پاک تنظیم میں تبدیل کرنا ہے، انہوں نے بتایا کہ اصلاحات کے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن اور تجدید کے پورے عمل کو آن لائن منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر غلام علی ملّاح کے مطابق اصلاحات کے اگلے مرحلے میں تعمیل کی نگرانی اور دیگر ریگولیٹری امور کو بھی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے انجام دیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کے لیے طریقہ کار مزید آسان اور واضح ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات وفاقی دارالحکومت میں نجی تعلیمی شعبے کے ریگولیٹری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں، جن سے مستقبل میں نجی تعلیمی اداروں کو بہتر اور تیز تر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔