آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کی عبرتناک شکست کے بعد پاکستان کی قومی ٹیم میں نمیبیا کے خلاف گروپ مرحلے کے آخری میچ میں تبدیلیوں کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر کھلاڑی بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو نمیبیا کے خلاف ٹیم میں شامل نہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز کے مارجن سے شکست دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایشان کشن کی 77 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا سکی اور 18 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ سینئر کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ میچز میں ناکامی پر مایوس ہے اور نمیبیا کے خلاف میچ میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ ممکنہ طور پر خواجہ نافع، نسیم شاہ اور سلمان مرزا کو فائنل الیون میں شامل کر سکتی ہے۔
پاکستان کی آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے جانے والا ہے اور یہ میچ پاکستان کے سپر ایٹ میں رسائی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر میچ بارش یا دیگر وجوہات کی وجہ سے نہ کھیلا گیا، تو پاکستان سپر ایٹ میں پہنچ جائے گا، لیکن اگر پاکستان یہ میچ ہار گیا تو نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ سپر ایٹ میں جائے گا، جبکہ بھارت پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نمیبیا میچ پاکستان کے لیے ڈو اینڈ ڈائی کی حیثیت رکھتا ہے، اور ٹیم کی حکمت عملی اور منتخب کھلاڑیوں کی کارکردگی سپر ایٹ کے لیے پاکستان کی راہ متعین کرے گی۔