نیپرا نے پرانے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، سولر پالیسی 2026 میں ترمیمی مسودے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نیپرا نے شراکت داروں سے 30 روز میں تجاویز طلب کر لیں۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ پہلے سے موجودہ نیٹ میٹرنگ ریٹس پرانے صارفین کے لیے برقرار رہیں گے اور موجودہ سولر نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری جاری رہے گی۔
موجودہ سولر نیٹ میٹرنگ معاہدے اپنی مدت پوری ہونے تک نافذ العمل رہیں گے، نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ترامیم 9 فروری 2026 سے نافذ ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نیپرا نے پاکستان میں نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ ملک میں اب نیٹ میٹرنگ کی جگہ نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کروایا گیا ہے اور نئے سولر صارفین کے لیے سولر صارفین ریگولیشنز 2026 جاری کی گئی تھیں۔
نئے سولر صارفین سے اضافی بجلی کی خریداری 11 روپے فی یونٹ پر کی جائے گی اور نئے معاہدوں کی مدت 7 سال سے کم کرکے 5 سال کر دی گئی ہے۔
ان ریگولیشنز کے تحت نئے سولر صارفین کے لیے حاصل اہم سہولیات بھی ختم کر دی گئی ہیں، جس کے بعد انہیں پہلے کی نسبت محدود مراعات حاصل ہوں گی۔
نیپرا کے اس اقدام سے پرانے صارفین محفوظ رہیں گے اور نئے صارفین کے لیے شمسی توانائی کے استعمال اور معاہدے کے اصول تبدیل ہو گئے ہیں، جس سے سولر انڈسٹری میں نئے صارفین کے لیے حکومتی پالیسی کا واضح فرق سامنے آیا ہے۔