عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں فی اونس سونا 5010 ڈالر سے کم ہو کر 4879 ڈالر تک گر گیا، یعنی عالمی مارکیٹ میں سونا 130 ڈالر سستا ہو گیا۔
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اس کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان موجودہ تبدیل ہوتی صورتحال کے اثرات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکہ کی فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی کے اجلاس کے منٹس کا انتظار ہے۔
صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے جائیں گے اور یہاں فی تولہ سونا 12 ہزار سے 13 ہزار روپے تک سستا ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ روز فی تولہ سونا 5 لاکھ 23 ہزار 762 روپے میں دستیاب تھا۔
ماہرین کے مطابق سرمایہ کار اور صارفین اس وقت عالمی اور ملکی اقتصادی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور سونے کی قیمت میں کمی سے سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
صرافہ بازاروں میں توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید رد و بدل دیکھنے کو مل سکتا ہے، اس لیے خرید و فروخت کرنے والے افراد محتاط رہیں۔