کیا پاکستان میں پہلا روزہ جمعرات یا جمعہ کو ہوگا؟اعلان کل کیا جائیگا

کیا پاکستان میں پہلا روزہ جمعرات یا جمعہ کو ہوگا؟اعلان کل کیا جائیگا

وزارتِ مذہبی امور نے رمضان المبارک 2026 کے چاند کا تعین کرنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پشاور میں طلب کرلیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ اجلاس میں رمضان المبارک کے آغاز کی باضابطہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک بھر سے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین بھی شریک ہوں گے۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں ہوں گے تاکہ چاند کے رویت کے حوالے سے تمام معلومات اور سائنسی شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے رمضان میں پکوڑوں اور سموسوں کے بھی ریٹ مقرر کر دیے،نوٹیفکیشن جاری

ماہرین فلکیات اور اسپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپلیکیشن سینٹر) کی جانب سے فراہم کردہ سائنسی شواہد کے مطابق رمضان المبارک کا چاند بدھ کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پہلا روزہ جمعرات سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چاند کی رویت کے حوالے سے صرف سرکاری اعلامیے اور کمیٹی کے اعلان پر عمل کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر بھروسہ نہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز کے اعلان کے بعد تمام مساجد، میڈیا اور عوامی مراکز کو بروقت آگاہ کیا جائے گا تاکہ شہری اپنے عبادات اور روزے کے انتظامات کر سکیں۔

اس طرح، ملک بھر میں عبادات، تراویح اور روزے کے شیڈول کے حوالے سے باضابطہ فیصلہ بدھ کے اجلاس کے بعد جاری کیا جائے گا، تاکہ رمضان المبارک کی روح کے مطابق عوام کی سہولت اور عبادات میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles