پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مسلسل تیزی کا سلسلہ جاری، 100انڈیکس نئی بلندیوں پر جا پہنچا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100انڈیکس بڑھنے کا تسلسل جاری ہے۔بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جہاں 100انڈیکس اپنی بلد ترین سطح 75ہزار 115پر پہنچا ۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس گزشتہ روز کے مقابلے 132پوائنٹس کے اضافے کے بعد 74ہزار 663پر بند ہوا۔حصص بازاد میں آج 7کروڑ 24لاکھ شئیرز کے سودے ہوئے جبکہ حصص بازار کی کیپٹلائزیشن 33 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 70 ارب روپے ہے۔ آج اسٹاک ایکسچینج میں کے ایم آئی 30 انڈیکس 32 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ23 ہزار886 پوائنٹس پر بند ہوا۔
100 انڈیکس کی نئی بلند ترین سطح حاصل کرنے پر ماہر معاشیات محمد سہیل کا کہنا ہے کہ بیرونی خریداری انڈیکس کی اس نئی بلندی کی وجہ ہے، ایم ایس سی آئی نے اپنے عالمی انڈیکسوں کا جائزہ لیا ہے اور ہماری ایک کمپنی کو شامل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کا انڈیکس میں حصہ بھی بڑھے گا اور انڈیکس رواں سال دسمبر تک 87 ہزار ہوگا۔ واضح رہےکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز بھی 732 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا اور انڈیکس 74 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ڈالر کی قدر میں اضافہ
ملک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوگیا۔ آج کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 278روپے26پیسے پر بند ہوا۔انٹربینک میں ڈالر کی قدرمیں 8پیسے کا اضافہ ہوا۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 5 پیسےکم ہوکر279روپے 45 پیسے رہی۔
سونا بھی مہنگا ہوگیا
سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ پاکستان جیمز اینڈ جیولرایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2900روپے اضافے کے بعد 2لاکھ 44ہزار روپے ہوگئی۔جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 487 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سونا 2 لاکھ 9 ہزار 191 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔


