دنیا کے مختلف ممالک میں رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند سے متعلق اعلانات سامنے آ گئے ہیں۔ بعض ممالک میں چاند نظر آ گیا ہے جبکہ کئی ممالک میں رویت نہ ہونے کے باعث رمضان المبارک کا آغاز ایک دن بعد ہوگا۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور افغانستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد ان ممالک میں پہلا روزہ بروز بدھ 18 فروری 2026 کو رکھا جائے گا۔ سعودی حکام کے اعلان کے مطابق چاند نظر آنے کی باقاعدہ تصدیق کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کی پیروی خلیجی ممالک اور افغانستان میں بھی کی گئی۔
دوسری جانب انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکیہ، روس، عمان، برونائی، سنگاپور، فرانس، آسٹریلیا، کرغزستان، ازبکستان، ترکمانستان، فلپائن اور آذربائیجان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ ان ممالک میں متعلقہ مذہبی و سرکاری اداروں نے رویتِ ہلال کی عدم تصدیق کے بعد اعلان کیا ہے کہ پہلا روزہ بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو رکھا جائے گا۔
ترک حکام کے مطابق ترکیہ میں چاند نظر نہیں آیا، جبکہ روس میں رمضان المبارک کا آغاز 18 فروری کی شام غروبِ آفتاب کے ساتھ ہوگا اور پہلا روزہ 19 فروری کو ہوگا۔عمان اور برونائی میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث وہاں بھی رمضان المبارک جمعرات سے شروع ہوگا۔
انڈونیشیا میں سرکاری اعلان کے مطابق رویتِ ہلال کی تصدیق نہ ہونے پر رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، جبکہ ملائیشیا میں بھی متعلقہ اداروں نے چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے جمعرات سے روزے رکھنے کا اعلان کیا ہے،اسی طرح سنگاپور کے مفتی نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہاں رمضان المبارک 19 فروری سے شروع ہوگا۔
فرانس میں فرانسیسی کونسل آف مسلم فیتھ نے چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان 19 فروری سے کیا ہے، جبکہ آسٹریلین فتویٰ کونسل کے مطابق آسٹریلیا میں بھی پہلا روزہ جمعرات کو ہوگا۔
ادھر پاکستان میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جہاں چاند کی رویت سے متعلق موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کا سرکاری اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرتی ہے۔