وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 40 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رمضان نگہبان پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے رمضان المبارک میں مہنگائی کی روک تھام اور منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران مارکیٹوں اور شاپنگ سنٹرز کے اوقات کار کی پابندی ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماہ رمضان میں مہنگائی کا جن باہر نکل آتا ہے، لہٰذا تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگار اور مالی مشکلات کا شکار افراد کو ریاست کے پاس نہیں آنا پڑے گا بلکہ ریاست خود معاونت کرے گی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ضرورت مند خاندانوں کو حکومت گھر کی دہلیز پر حق پہنچائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 4 لاکھ سے زائد رمضان نگہبان کارڈ گھروں کی دہلیز پر پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ 10 رمضان المبارک تک 40 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈ مہیا کر دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مستحق افراد کو ہدایت کی کہ رمضان نگہبان کارڈ استعمال کے بعد ضائع نہ کریں کیونکہ آئندہ بھی اسی کارڈ کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
رمضان میں دکانیں اور شاپنگ سنٹر کس وقت تک کھلے رہیں گے؟ حکومت کا بڑا اعلان
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران کاروباری اوقات کار بڑھانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب زیشان ملک نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جبکہ لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک میں صوبے بھر کے کاروباری مراکز کو اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت دکانیں، شاپنگ مالز، سپر مارکیٹس، چین اسٹورز اور ریسٹورنٹس کو خصوصی رعایت حاصل ہوگی۔ یہ اجازت پنجاب شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹس آرڈیننس 1969 کے تحت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ ڈی جی لیبر ویلفیئر اور ڈپٹی کمشنرز کو احکامات پر عمل یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ محکمہ اطلاعات کو فیصلے کی میڈیا میں تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ چیمبرز آف کامرس و صنعت کے صدور کو بھی فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔