ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اچھی خبر آگئی ، پنجاب یونیورسٹی لاہور نے سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید 50 سکیورٹی گارڈز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے کیمپس کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے اور حفاظتی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق نئے سکیورٹی اہلکاروں کو ڈیلی ویجز کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا، ملازمت کا ابتدائی دورانیہ تین ماہ پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران اہلکاروں کی کارکردگی اور ضرورت کے مطابق آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عارضی بنیادوں پر تقرری کا مقصد فوری طور پر سکیورٹی کے خلا کو پُر کرنا ہے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، تمام درخواستیں آن لائن موصول کی جائیں گی، جس کے لیے امیدواروں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صرف آن لائن جمع کرائی گئی درخواستوں پر غور کیا جائے گا۔
پنجاب یونیورسٹی کے اعلامیے کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی ہے، اس تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں کو شامل نہیں کیا جائے گا، مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کیا جائے گا، جس میں ضروری کوائف اور اہلیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ بعد ازاں منتخب امیدواروں کی تقرری کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرتی کا یہ عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ میرٹ کی بنیاد پر اہل امیدواروں کا انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔ اس اقدام سے کیمپس کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔