سابق کپتان محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بابر اعظم کی فارم کی صورتحال کی وجہ سے انہیں کوچ کی پوسٹ سے استعفا دینا پڑا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں محمد یوسف نے بتایا کہ ان کا ابتدائی استعفا قبول نہیں کیا گیا، لیکن تیسری بار وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب بابر اعظم فارم میں نہیں تھے تو میں نے کہا کہ ان کی بیٹنگ تکنیک خراب ہو چکی ہے اور وہ تین سال سے مستقل رنز نہیں بنا پا رہے تھے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں نے بابر اعظم کو آرام دینے کی تجویز دی تاکہ اکیڈمی میں تکنیک پر کام کیا جا سکے اور فارم واپس آ جائے، لیکن اس پر سب میرے خلاف ہوگئے۔ آخرکار میں نے کہا کہ استعفا دے دیتا ہوں، آپ جو کرنا چاہتے ہیں کر لیں۔
محمد یوسف نے واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد بھی انہوں نے کرکٹ میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور موجودہ صورتحال کو ملکی کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دور قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے اور نااہل افراد کو نہ صرف عہدوں سے بلکہ ٹیم سے بھی ہٹانا ضروری ہے۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ جب تک کرکٹ سے سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی مفادات کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، مضبوط ٹیم تشکیل دینا ناممکن ہے جو ماضی میں پاکستان کرکٹ کا وقار ہوا کرتی تھی۔