وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان سہولت بازار کے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور نوجوان خریداروں سے براہِ راست لائیو کال پر گفتگو کی، جس میں بازار کی قیمتوں اور خریداری کے تجربے پر دلچسپ تبادلہ خیال ہوا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق، وزیراعلیٰ نے رمضان سہولت بازار کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں حکام نے انہیں بازار کی موجودہ صورتحال اور انتظامات سے آگاہ کیا۔ اس دوران، مریم نواز نے موبائل فون کے ذریعے جوہر ٹاؤن میں واقع بازار کے ایک نوجوان خریدار سے رابطہ کیا اور فیڈ بیک لیا۔
وزیراعلیٰ نے نوجوان سے پوچھا کہ آپ نے اب تک کیا خریدا ہے؟ نوجوان نے جواب دیا کہ اب تک پالک ،ٹینڈے اور کھیرے خریدے ہیں۔ جب مریم نواز نے قیمتیں پوچھی تو نوجوان نے بتایا کہ ٹنڈے 25 روپے، پالک 28 روپے اور کھیرے 45 روپے فی کلو ملے ہیں۔ نوجوان نے کہا کہ یہ قیمتیں عام بازاروں کے مقابلے میں کم ہیں اور چیزیں صاف ستھری اور خریداری آسان ہے۔
مزید پوچھنے پر نوجوان نے دکاندار سے معلومات لے کر بتایا کہ پیاز 58 روپے فی کلو دستیاب ہے، جس پر مریم نواز نے کہا کہ “اچھی بات ہے، جب میں حکومت میں آئی تھی تو پیاز 300 روپے کلو تھی۔”
اس کے بعد وزیراعلیٰ نے نوجوان سے پوچھا کہ گھر میں خریداری کی فہرست کس نے تیار کی اور آج افطاری میں گھر والوں کے لیے کیا کھانے کی فرمائش کریں گے، جس پر نوجوان نے خوش دلی سے جواب دیا۔
مریم نواز کے اس اقدام کو شہری حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، جہاں وہ براہِ راست مارکیٹ کے تجربات اور عوام کی رائے جان رہی ہیں۔