محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کیلئے سٹینڈرڈ ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تدریسی اوقات کے دوران اساتذہ کیلئے بلیک گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مرد اساتذہ کیلئے سادہ شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ تجویز کی گئی ہے جبکہ خواتین اساتذہ کو باوقار اور مناسب لباس پہننے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم 23 فروری 2026 سے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔
مزید برآں، اساتذہ کیلئے بند جوتے یا مناسب سینڈل پہننے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ پیشہ ورانہ اور باوقار ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کے سربراہان روزانہ کی بنیاد پر ڈریس کوڈ پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ سی ای اوز کو سخت مانیٹرنگ اور ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں سکول ایجوکیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی ،وزیر اعلی مریم نواز نے ہر سرکاری سکول کو ‘سیف اینڈ کلین زون’ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عالمی شہرت یافتہ پروگرام ستھرا پنجاب سرکاری سکولوں میں بھی متعارف کرانے کا پلان تیار کیا گیا ہے ، سکولوں میں صفائی کے لئے ستھرا پنجاب کی سروسز حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں طلبہ اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جانے اور پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ فیز فور کی منظوری بھی دی گئی تھی۔