فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے لیے پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم کی تنصیب لازمی قرار دے دی ہے۔
ایف بی آر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 14 سے زائد کاروباری سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کے لیے پوائنٹ آف سیل یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلز، ریسٹورینٹس، گیسٹ ہاؤسز، میرج ہالز، مارکیز اور ریس کلبز میں پوائنٹ آف سیل لگانا لازم ہو گا، تاہم جن مقامات پر ایئر کنڈیشنڈ سہولت موجود نہیں ہو گی انہیں اس شرط سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہروں میں چلنے والی گاڑیوں، کورئیر اور کارگو سروسز کو بھی پوائنٹ آف سیل نصب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈینٹسٹ، فزیوتھراپسٹ، پلاسٹک اور ہیئر سرجنز، ویٹرنری ڈاکٹرز، میڈیکل لیبارٹریز، ایکسرے، سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین سینٹرز پر بھی پوائنٹ آف سیل لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں مساج سینٹرز، بیوٹی پارلرز، پیڈی کیور سینٹرز اور نجی اسپتالوں میں بھی پوائنٹ آف سیل کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم وہ اسپتال جو 500 روپے فیس وصول کرتے ہیں انہیں چھوٹ دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے تحت جمز، ہیلتھ کلبز، ملٹی پرپز کلبز، سوئمنگ پولز، سول اور نان سول پولو کلبز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور کاسٹ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے لیے بھی پوائنٹ آف سیل سسٹم لازمی ہو گا۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں کے جمخانہ اور کلبز میں بھی پوائنٹ آف سیل لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ریٹیلرز، مینوفیکچررز اور امپورٹرز کے لیے آن لائن انٹیگریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فارن ایکسچینج ڈیلرز، کرنسی ایکسچینج کمپنیز، نجی تعلیمی اداروں اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس پر بھی پوائنٹ آف سیل کی شرط عائد کی گئی ہے، تاہم ایک ہزار روپے ماہانہ فیس وصول کرنے والے اداروں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔