رمضان المبارک کے آغاز پر عمرہ زائرین کے لیے فضائی کرایوں میں شدید اضافہ، بزنس کلاس 5 لاکھ روپے تک پہنچ گئی
رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی فضائی کمپنیوں نے عمرہ زائرین کے لیے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث سعودی عرب جانے والے مسافروں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے میں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بزنس کلاس کا کرایہ بڑھ کر 5 لاکھ روپے کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ اس سے قبل بزنس کلاس کا کرایہ سوا 4 سے ساڑھے 4 لاکھ روپے کے درمیان تھا، جو اب بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکانومی اور اکانومی پلس کلاس کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پہلے ان کلاسز کے کرائے ایک لاکھ 30 سے 40 ہزار روپے کے درمیان تھے، تاہم اب یہی کرائے بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار سے 2 لاکھ روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ ایوب نسیم کے مطابق تمام ایئر لائنوں کی بکنگ مکمل طور پر فل ہو چکی ہے، جس کے باعث نئی بکنگ حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر لائنز کی جانب سے خالی رہ جانے والی نشستوں کے کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے اور ٹریول ایجنٹس وہی کرایہ وصول کر رہے ہیں جو ایئر لائنز کی طرف سے مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں عمرہ زائرین کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث کرایوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔