سینئر اداکار عاصم بخاری کی طبیعت ایک بار پھر ناساز ہو گئی ہے اور دل کی تکلیف کے باعث انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق ایک موقع پر ان کی دل کی دھڑکن بند ہو گئی تھی جس پر انہیں ہنگامی طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس وقت ان کا علاج ان کے معالج ڈاکٹر جاوید سبزواری کی زیر نگرانی جاری ہے اور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بروقت طبی امداد کے باعث حالت کو سنبھال لیا گیا تاہم وہ بدستور زیرِ علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے رمضان میں پکوڑوں اور سموسوں کے بھی ریٹ مقرر کر دیے،نوٹیفکیشن جاری
عاصم بخاری کی عمر 70 برس سے زائد ہے اور وہ کئی دہائیوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو سے کیا اور بعد ازاں ٹیلی وژن ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔ سنجیدہ اور باوقار کرداروں کی عکاسی ان کی پہچان بنی، جبکہ مکالموں کی مؤثر ادائیگی اور کردار کی نفسیات کو سمجھ کر اداکاری کرنا ان کی انفرادیت شمار کی جاتی ہے۔
انہوں نے خاندانی، سماجی اور اصلاحی موضوعات پر مبنی متعدد ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے اور مثبت و منفی دونوں نوعیت کے کرداروں میں یکساں مہارت دکھائی۔
شوبز حلقوں میں عاصم بخاری کو ایک منجھے ہوئے فنکار اور خوش اخلاق شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کے ساتھی اداکاروں کے مطابق وہ سیٹ پر نہایت پیشہ ورانہ انداز اختیار کرتے ہیں اور نوجوان فنکاروں کی رہنمائی بھی کرتے رہے ہیں۔
ان کے علیل ہونے کی خبر پر مداحوں اور فنکار برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔