وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں رمضان نگہبان کارڈ جاری کرنے کے بعد ایک بڑا اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں رمضان نگہبان دسترخوان سجائے گئے جہاں لاکھوں روزہ داروں نے افطار کیا۔ یہ قدم مخیر حضرات اور مختلف اداروں کے تعاون سے اٹھایا گیا تاکہ ہر ضرورت مند تک افطار کی سہولت پہنچائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان نگہبان دسترخوان کے انعقاد پر مخیر افراد اور اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک احساس اور اخوت کا مہینہ ہے اور ہر ضرورت مند کی کفالت اور خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی اخوت عملی طور پر نگہبان دسترخوان کی صورت میں نظر آ رہی ہے اور آنے والے ہر روزہ دار کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔
حکومتی سرپرستی اور مخیر افراد و اداروں کے تعاون سے پنجاب بھر میں 300 سے زائد نگہبان دسترخوان قائم کیے گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں سجے دسترخوانوں پر قورمہ، بریانی، روح افزا، پکوڑے، سموسے اور دیگر لوازمات سے روزہ داروں کی تواضع کی گئی۔
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں بڑی تعداد میں شہریوں نے پہلے روز افطار کیا، جبکہ راولپنڈی، بہاولنگر اور بہاولپور میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ چنیوٹ، ڈی جی خان، گجرات اور جھنگ میں بھی شہریوں نے افطار میں شرکت کی۔
اٹک، جہلم، قصور اور خانیوال میں ہزاروں روزہ داروں نے اجتماعی افطار کیا جبکہ کوٹ ادو، لیہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بھرپور انتظامات کیے گئے۔ مری، مظفرگڑھ، اوکاڑہ اور نارووال میں اعلیٰ افسران نے بھی روزہ داروں کے ساتھ افطار میں شرکت کی۔
اسی طرح پاکپتن، راجن پور، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی نگہبان دسترخوان پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی جبکہ وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ، بھلوال اور سرگودھا میں بھی روزہ داروں کا رش دیکھنے میں آیا۔
لاہور کے مختلف مقامات پر بھی مخیر حضرات اور اداروں کے تعاون سے نگہبان دسترخوان کھولے گئے جہاں لاکھوں افراد نے افطاری کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان نگہبان دسترخوان پر عوام کی بڑی آمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مندوں کی خدمت ہی اصل عبادت ہے اور حکومت اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھے گی۔