آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کو ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی میں آسانی کیلئے انگلینڈ کو لازمی شکست دینی ہوگی، گرین شمیچ پالے کیلے اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، جہاں شائقینِ کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
قومی ٹیم کے فائنل الیون میں ایک یا دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ٹیم مینجمنٹ پچ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔
اس حوالے سے قومی بلے باز صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈ کے فاسٹ باولر جوفرا آرچر کو کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیٹرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، ان کے مطابق ٹیم کو اپنے اسپنرز پر مکمل بھروسا ہے اور وہ میچ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو پوائنٹس تقسیم کرنا پڑے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو کینڈی میں ہی شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے۔
شاہینوں کے لیے فتح ناگزیر قرار دی جا رہی ہے اور اگرمگر کی صورتحال سے بچنے اور سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے کے لیے قومی ٹیم کو ہر صورت کامیابی اپنے نام کرنا ہوگی ۔
انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پاکستانی ٹیم اس مرحلے میں اپنا تیسرا اور آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔