عمران خان کی صحت اب کیسی ہے؟، فالو اَپ طبی معائنے کے بعد پمز اسپتال کا اعلامیہ جاری

عمران خان کی صحت اب کیسی ہے؟، فالو اَپ طبی معائنے کے بعد پمز اسپتال کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد میں واقع پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین عمران خان کے فالو اَپ چیک کے بعد ان کی صحت سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 24 فروری کو اڈیالہ جیل سے فالو اپ چیک اپ کے لیے اسپتال لایا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی طبی معائنے کے لیے پمز ہسپتال آمد، تسلی بخش چیک اپ کے بعد واپس اڈیالہ منتقل

اعلامیے کے مطابق عمران خان کی ای سی جی اور ایکو کارڈیو گرافی بالکل نارمل پائی گئی ہے اور وہ طبی طور پر مستحکم اور بالکل تندرست ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اینٹی وی ای جی ایف انٹراوٹریئل انجکشن کی دوسری خوراک بھی انہیں دے دی گئی ہے، جو آنکھوں کے مخصوص علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلامیے میں بتایا گای ہے کہ ’طریقہ کار سے قبل تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کا مکمل معائنہ کیا‘۔ بورڈ میں پمز کے علاوہ الشفا آئی اسپتال کے ماہرڈاکٹرز بھی شامل تھے، جنہوں نے مشترکہ طور پر طبی رپورٹس کا جائزہ لیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انجکشن ماہر سرجنز نے لگایا اور تمام مراحل سخت طبی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق ڈے کیئر سرجری کے بعد عمران خان کو ڈسچارج کر دیا گیا اور فالو اپ ہدایات کے ساتھ دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ معائنے اور ادویات کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ علاج کا تسلسل برقرار رہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین گوہر علی خان نے بھی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کو پمز اسپتال لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے 2 بجے پیغام کے ذریعے اطلاع دی گئی کہ انہیں انجکشن لگانے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق انہیں بتایا گیا کہ طبی طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔

سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے اور پارٹی کارکنان کو بھی بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے اطمینان حاصل ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت انہیں اسپتال لایا اور واپس منتقل کیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *