وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے شہریوں کو شناختی خدمات کی فراہمی میں بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں دو ہزار سے زائد فرنچائزز کو شناختی کارڈ سروسز فراہم کرنے کا اختیار دے دیا ہے، جس کے بعد اب عوام کو طویل قطاروں اور رش سے نجات ملنے کی توقع ہے۔
نادرا حکام کے مطابق اس فیصلے کے تحت لاہور سمیت مختلف شہروں میں منتخب ای سہولت مراکز پر باقاعدہ طور پر شناختی کارڈ کی خدمات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صرف لاہور ریجن میں 270 سے زائد ای سہولت مراکز کو نادرا سروسز فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جہاں شہری شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کے اجرا اور دیگر بنیادی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل نادرا فرنچائزز پر صرف بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت میسر تھی، تاہم اب دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنے قریبی مراکز سے فائدہ اٹھا سکیں۔ خاص طور پر وہ افراد جو آن لائن سسٹم ”پاک آئی ڈی“ استعمال کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں، وہ اب اپنے نزدیک ای سہولت مرکز سے رجوع کر کے بآسانی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا ترجمان کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو تیز، شفاف اور آسان شناختی خدمات ان کے قریبی علاقوں میں فراہم کرنا ہے تاکہ مرکزی دفاتر پر دباؤ کم ہو اور عوام کا قیمتی وقت بچایا جا سکے۔ اس نئی پالیسی کے تحت نہ صرف شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ سروس ڈیلیوری کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام منتخب فرنچائزز کو باقاعدہ تربیت اور سسٹم تک رسائی فراہم کی گئی ہے تاکہ سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔