امریکا سے جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے بعد ایران نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ فضائی سفر یکم جولائی سے بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ ماجد اخوان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
ماجد اخوان نے بتایا کہ ایران اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ ہوا بازی کے حکام نے تمام ضروری تکنیکی اور انتظامی اجازت نامے جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد پروازوں کی بحالی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صرف ایرانی ایئرلائنز تہران اور دبئی کے درمیان پروازیں آپریٹ کریں گی، جبکہ بعد ازاں ضروری انتظامات مکمل ہونے پر اماراتی اور دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز کو بھی اس روٹ پر پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے گی۔
ایرانی حکام کے مطابق دیگر بین الاقوامی فضائی راستوں کی بحالی پر بھی غور جاری ہے، تاہم ان کے بارے میں حتمی فیصلہ ملکی سلامتی اور متعلقہ حکومتی اداروں کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دبئی ایئرپورٹس نے بھی مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں۔
بیان میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث بعض بین الاقوامی روٹس کے شیڈول میں اب بھی تبدیلیاں ممکن ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ امریکا۔اسرائیل جنگ کے بعد ایران نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر اپنی فضائی حدود کے بڑے حصے اور کئی بین الاقوامی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی تھیں، جنہیں اب جنگ بندی کے بعد مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔