کراچی: یونیورسٹی روڈ پر موسمیات کے قریب رینجرز ہیڈ کوارٹر پر دستی بم حملہ ناکام، سرچ آپریشن اور متعدد گرفتاریاں

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر موسمیات کے قریب رینجرز ہیڈ کوارٹر پر دستی بم حملہ ناکام، سرچ آپریشن اور متعدد گرفتاریاں

کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب واقع رینجرز ہیڈکوارٹر پر مبینہ دستی بم حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے یونیورسٹی روڈ پر محکمہ موسمیات کے قریب گیٹ پر موجود ایک گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا تاکہ اس کی آڑ میں دوسرا گروہ رینجرز ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کر سکے۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشتگردوں کو موسمیات کے دفتر کی جانب سے رینجرز ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے سے روک دیا۔

علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ایک مبینہ دہشتگرد کو ہلاک کیے جانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا۔ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب گلستان جوہر بلاک 6 کے قریب بھی شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر روانہ کر دی گئی۔

واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے موسمیات چورنگی کے قریب دھماکے اور فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے حکام سے فوری طور پر تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر موسمیات سے گلستان جوہر بلاک 6 اور کامران چورنگی جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موسمیات سے اقبال چمن کالونی جانے والی سڑک بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

Related Articles