آزاد کشمیر کے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے 29 جون سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے کہا کہ جب تک عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم نہیں ہوئی تھی، وہ اس کے ساتھ تھے، تاہم اب وہ اس کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج، پاکستان کے عوام اور حکومت کے خلاف نہیں ہو سکتے، کیونکہ جنہوں نے ان کا ساتھ دیا، وہ اسے نہیں بھول سکتے۔
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے یہ لوگ کون ہیں، وہ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 نشستوں کا معاملہ آئینی نوعیت کا ہے اور یہ کبھی بھی ان کا مسئلہ نہیں رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے، “صبح کا بھولا شام کو گھر آجائے تو کوئی بات نہیں”، اس لیے وہ واپس آ جائیں۔
تاجر رہنما گوہر کشمیری نے تمام تاجروں سے اپیل کی کہ وہ 29 جون سے اپنے کاروبار معمول کے مطابق شروع کریں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں معمولاتِ زندگی کہیں مکمل طور پر اور کہیں جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ مظفرآباد شہر میں میڈیکل اسٹورز، سبزی و فروٹ کی دکانیں اور بیکریاں کھلی ہیں، جبکہ میرپور، بھمبر اور نیلم کے علاقے آٹھ مقام میں بھی کاروباری مراکز جزوی طور پر کھلے ہوئے ہیں۔