پاک فضائیہ اور زمینی افواج کی مشترکہ کارروائیوں نے افغان طالبان رجیم کے دفاعی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق،پاک افواج نے انتہائی مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے کابل میں واقع اہم فوجی آریانہ کمپلیکس، دبگئی چیک پوسٹ، پولیس ہیڈ کوارٹرز اور زاکر خیل پوسٹ کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
یکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہم عسکری ٹھکانوں کی تباہی سے دشمن کی کمانڈ اینڈ کنٹرول صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، آریانہ کمپلیکس میں ہونے والی تباہی دشمن کے لیے بڑا دھچکا ہے کیونکہ یہ مقام ان کی اہم فوجی سرگرمیوں کا مرکز تھا۔ اسی طرح زاکر خیل اور دبگئی جیسی اسٹریٹجک پوسٹوں کی تباہی نے سرحدی علاقوں میں ان کی نقل و حرکت کو مفلوج کر دیا ہے۔
پاک فوج کی اس درست اور بھرپور کارروائی کے بعد دشمن کے صفوں میں شدید مایوسی پھیلی ہوئی ہے اور کئی مقامات پر اہلکار اپنی پوزیشنز چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں فرار ہو رہے ہیں۔
سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والی ہر تنصیب اور ہر ٹھکانے کو اسی طرح نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔
حالیہ کارروائیاں ثابت کرتی ہیں کہ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے نہ صرف تیار ہیں بلکہ دشمن کو اس کی دہلیز پر ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ تمام سرحدی سیکٹرز میں اس وقت پاکستان کی برتری واضح ہے اور کسی بھی جوابی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے جوان ہائی الرٹ ہیں۔