ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز جان سینا اور اے جے اسٹائلز کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب دنیائے ریسلنگ کے ایک اور عظیم لیجنڈ بروک لیسنر نے بھی لگ بھگ 3 دہائیوں پر مشتمل اپنے طویل کیرئیر کو الوداع کہہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ جان سینا نے دسمبر 2025 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کے بعد فروری 2026 میں اے جے اسٹائلز نے بھی ریسلنگ چھوڑ دی تھی۔
اب اس فہرست میں بروک لیسنر کا نام بھی شامل ہو گیا ہے جن کے لیے ریسل مینیا 42 ممکنہ طور پر آخری ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ ثابت ہوا ہے۔
ریسل مینیا 42 کی دوسری رات کا پہلا میچ بروک لیسنر اور Oba Femi کے درمیان کھیلا گیا جس میں بروک لیسنر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے اختتام پر بروک لیسنر نے اپنے ریسلنگ گیئرز رنگ میں چھوڑ دیے، جو ریسلنگ کی دنیا میں ریٹائرمنٹ کے اعلان کا ایک علامتی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
اس جذباتی موقع پر انہوں نے اپنے دیرینہ دوست اور مینیجر پال ہے مین کو گلے لگایا جبکہ وہاں موجود تماشائیوں نے “تھینک یو بروک” کے نعرے لگا کر انہیں الوداع کیا۔ رنگ سے رخصت ہونے سے قبل لیسنر نے اس کے فلور کو چوما، جس نے ان کے ریٹائرمنٹ کے خیال کو مزید تقویت بخشی۔
بروک لیسنر کا ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ سفر 2002 میں شروع ہوا تھا، تاہم 2004 میں وہ اسے چھوڑ کر چلے گئے تھے اور پھر ایک طویل عرصے بعد دوبارہ واپس آئے تھے۔
اپنے شاندار کیرئیر کے دوران انہوں نے متعدد بڑے اعزازات اپنے نام کیے جن میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ، تین بار یونیورسل چیمپئن شپ اور دو بار رائل رمبل مقابلوں میں کامیابی شامل ہے۔
ان کے کیرئیر کا سب سے یادگار لمحہ 2014 میں سامنے آیا جب انہوں نے ریسل مینیا میں انڈر ٹیکر کا 21 سالہ ناقابلِ شکست رہنے کا ریکارڈ توڑ کر پوری دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ ان کی رخصتی کے ساتھ ہی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک سنہری باب کا اختتام ہو گیا ہے۔