آپریشن غضب للحق جاری، افغان طالبان کی جارحیت پر پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائیاں، کھرچر قلعہ تباہ

آپریشن غضب للحق  جاری، افغان طالبان کی جارحیت پر پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائیاں، کھرچر قلعہ تباہ

افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی جوابی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ جاری آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کھرچر قلعے کو تباہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے کھرچر قلعے پر حملہ کر کے وہاں موجود ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کئی افغان خارجی ہلاک ہو گئے۔ کارروائی انتہائی درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کا ملکی سلامتی اور دفاعِ وطن کے لیے عزم غیر متزلزل ہے، اور کسی بھی جارحیت کا بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔

ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے صوبہ لغمان میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ ڈپو، اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملکی دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مزید براں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی ایک مؤثر اور درست جوابی کارروائی کے بعد ٹی ٹی اے کے دہشتگرد اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ٹی ٹی اے-1 پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے فرار ہونے کے بعد ٹی ٹی اے-1 پوسٹ کو آئندہ استعمال سے روکنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دہشتگرد اپنے ذاتی سامان کو وہیں چھوڑ گئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیگر سازوسامان بھی سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغانستان میں داخل ہو کر دشمن کی ایک اور پوسٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران دشمن کے عناصر مزاحمت کیے بغیر فرار ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے نیو افغان-8 پوسٹ کو بھی مؤثر کارروائی کے بعد اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ دشمن کے فرار ہونے کے بعد اس پوسٹ کو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ استعمال سے روکنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *