افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان کی مؤثر اور فیصلہ کن جوابی کارروائیاں بدستور جاری ہیں،سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان فوج دشمن عناصر کی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور طاقتور جواب دے رہی ہے اور سرحدی علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوشکی سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی ایک پوسٹ کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ کارروائی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت انجام دی گئی جس کے نتیجے میں مذکورہ پوسٹ مکمل طور پر ناکارہ ہو گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اقدام بلااشتعال جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران افغان طالبان کی مختلف پوسٹوں اور کیمپس کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور دشمن کے متعدد ٹھکانے متاثر ہوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ مؤثر کارروائی کے دوران افغان طالبان کے اوماری کیمپ کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کا راستہ روکا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کے بھرپور اور طاقتور جواب کے نتیجے میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بلااشتعال جارحیت کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔