وزیراعلی پنجاب کے پروگرام “مریم کو بتائیں” کے تحت ہزاروں اہل شہریوں کو شناختی کارڈ ریکارڈ پر براہِ راست جاز کیش موبائل والٹس پر 10ہزار روپے موصول ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جامع ویژن کے تحت شروع کیے گئے مالی معاونت کے پروگرام “مریم کو بتائیں” نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔
صرف 10 روز کے کم وقت میں 11 لاکھ سے زائد افراد خود کو رجسٹر کروا چکے ہیں ، جبکہ ہزاروں اہل شہریوں کو دس ہزارروپے کی امدادی رقم براہِ راست ان کے جاز کیش والٹس میں موصول ہونا شروع ہوگئی ہے۔
چیئرپرسن 1000 ہیلپ لائن اور وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل صائمہ فاروق نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عوام کا اس پروگرام پر اعتماد غیر معمولی ہے، 9.1 لاکھ افراد نے “Maryam ko Batayn” ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کی، 1.4 لاکھ افراد نے ہیلپ لائن “1000” کا استعمال کیا جبکہ 0.5 لاکھ افراد ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹر ہوئے۔
چیئرپرسن نے یہ بھی کہا کہ ہیلپ لائن پر ایک گھنٹے میں 18 لاکھ کالز کی کوشش کی گئی، جو کہ 500 کالز فی سیکنڈ بنتی ہیں، یہ کسی بھی حکومتی ہیلپ لائن پر عوامی دلچسپی کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
صائمہ فاروق نے وضاحت کی کہ یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف، سائنسی طریقہ کار اور PSER ڈیٹا (PMT اسکورنگ) پر مبنی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وہ افراد جو پہلے سے رمضان نگہبان، راشن کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا وزیراعظم رمضان ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں، وہ اس پروگرام کے اہل نہیں ہیں۔
چیئرپرسن 1000 ہیلپ لائن کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کو جاز کیش کی جانب سے 10,000 روپے کا میسج موصول ہونے پر اپنا اصل شناختی کارڈ دکھا کر رقم وصول کرنی ہوگی۔
دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ڈیجیٹل ویریفکیشن اور ویلتھ فلٹر کا نظام رائج ہے، جس میں کسی انسانی مداخلت کے بغیر براہِ راست کیش ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔
حکومت نے ہر مستحق شہری تک پہنچنے کے لیے تین راستے فراہم کیے ہیں جس میں موبائل ایپ: پلے اسٹور سے “Maryam ko Batayn” ڈاؤن لوڈ کریں ، اگر ویب پورٹل استعمال کرنا ہے تو : mkb.punjab.gov.pk پر لاگ ان کریں اور ہیپ لائن کیلئے مخصوص نمبر 1000 پر کال کریں۔
چیئرپرسن صائمہ فاروق کا کہنا ہے کہ ہیلپ لائن پر عارضی مصروفیت عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ہے، تاہم بیک وقت 800 کالز وصول کرنے کی سہولت موجود ہے۔