رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ رحمت اور آسانیوں کا پیغام لے کر آتا ہے اور اس مقدس ماہ میں حکومت پاکستان بھی غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے اور عوام کو ہرممکن سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان 2026 کے موقع پر ایک بڑے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ، جس کے تحت ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں کو براہِ راست نقد مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رمضان کی برکات میں اشیائے خورونوش بآسانی خرید سکیں۔
ریلیف پیکج کی تفصیلات
اس خصوصی پیکج کے تحت ہر مستحق خاندان کو 13,000 روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی، جو تقریباً 1 کروڑ 21 لاکھ خاندانوں میں بلا تفریق تقسیم کی جائے گی، رقم کی منتقلی براہِ راست بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے گی تاکہ کسی قسم کی کرپشن یا بدانتظامی کا خدشہ نہ رہے ، خاص طور پر پہلے سے سرکاری کفالت میں شامل افراد، جیسے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارفین کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اہلیت اور شفافیت
حکومت نے واضح کیا ہے کہ زیادہ تر مستحق خاندان پہلے ہی سرکاری ریکارڈ میں شامل ہیں، اس لیے انہیں علیحدہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم جو افراد خود کو مستحق سمجھتے ہیں مگر ریکارڈ میں شامل نہیں ہیں۔
وہ متعلقہ سرکاری دفاتر یا آن لائن نظام کے ذریعے اپنی معلومات کی تصدیق کروا سکتے ہیں، اس سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ اصل حقدار تک رقم پہنچے اور شفافیت برقرار رہے۔
اہلیت چیک کرنے کا طریقہ
شہری اب آسانی سے اس پیکج میں اپنے اہل ہونے کی جانچ کر سکتے ہیں، اہل ہونے کی تصدیق کے لیے صارفین کو پہلے سرکاری پورٹل pmrrp.nitb.gov.pk پر جانا ہوگا، اپنا 13 ہندسوں والا شناختی کارڈ نمبر (ڈیش کے بغیر) درج کرنا ہوگا اور درخواست جمع کروانی ہوگی، اس کے بعد صارفین کو اپنی اہلیت کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شناختی کارڈ نمبر درست طریقے سے درج کریں تاکہ کسی قسم کی غلطی یا مسئلہ پیش نہ آئے، مزید سہولت کے لیے صارفین اپنی اہلیت براہِ راست ویب سائٹ پر بھی چیک کر سکتے ہیں۔
ادائیگی کا جدید نظام
ماضی میں یوٹیلٹی اسٹورز پر طویل قطاریں اور ناقص اشیاء کی شکایات سامنے آتی تھیں، جس سے مستحق افراد کی عزت نفس متاثر ہوتی تھی، اس سال حکومت نے نظام میں تبدیلی کرتے ہوئے براہِ راست مالی امداد کی پالیسی اپنائی ہے اور رقم کی ادائیگی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے باقاعدہ طریقہ کار جاری کیا ہے، تاکہ ادائیگی شفاف، تیز اور محفوظ ہو۔ مستحق خاندان جب اطلاع موصول کریں گے، تو وہ اپنی رقم بینک یا منظور شدہ مراکز سے حاصل کر سکیں گے۔
یہ اقدام نہ صرف رمضان کے مہینے میں مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کرے گا بلکہ ملک میں شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے راحت اور اعتماد بھی فراہم کرے گا۔