ملک بھر میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران 20 لاکھ سے زائد نئے سیلولر صارفین نیٹ ورک سے منسلک ہوئے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی موبائل صارفین کی تعداد 20 کروڑ 25 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جو ملکی ٹیلی کمیونی کیشن شعبے کی مسلسل ترقی کا مظہر ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع کے مطابق دسمبر 2025 کے اختتام پر ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 20 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار تھی، تاہم جنوری 2026 کے دوران 20 لاکھ سے زائد نئے صارفین کے اضافے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 20 کروڑ 25 لاکھ 75 ہزار ہو گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ موبائل سروسز کی بڑھتی ہوئی دستیابی، سستے اسمارٹ فونز اور ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کا نتیجہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بینظیر کفالت پروگرام کی امدادی رقم بڑھا دی گئی،کتنا اضافہ ہوا ،تفصیلات جانیے
پی ٹی اے کے مطابق تھری جی اور فور جی سروسز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد بھی 15 کروڑ 33 لاکھ 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کی رسائی کی شرح 60.32 فیصد سے بڑھ کر 61.32 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ مجموعی ٹیلی ڈینسٹی 81.33 فیصد سے بڑھ کر 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ٹیلی کمیونی کیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل صارفین کی تعداد میں یہ اضافہ نہ صرف ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے اہم ہے بلکہ ای کامرس، آن لائن بینکنگ، ای گورننس اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو بھی تقویت دے رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر براڈ بینڈ انفراسٹرکچر میں مزید سرمایہ کاری کی جائے اور دور دراز علاقوں میں نیٹ ورک کوریج کو بہتر بنایا جائے تو آنے والے مہینوں میں صارفین کی تعداد میں مزید نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
حکام کے مطابق حکومت اور پی ٹی اے کی جانب سے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت موبائل اور براڈ بینڈ خدمات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور تیز رفتار رابطہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔