نئی ویب سائٹ پر شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی او سی اور ایف آر سی سمیت تمام اہم سروسز کو ایک جگہ اکٹھا کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو بار بار مختلف پورٹلز پر نہ جانا پڑے۔
نادرا کے مطابق این گرڈس سسٹم کے ذریعے رجسٹریشن ڈیٹا اب نقشوں کی شکل میں دستیاب ہے جہاں ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کا تقابلی جائزہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ تحقیق اور منصوبہ بندی کے لیے میپ گیلری بھی شامل کی گئی ہے۔
ویب سائٹ پر قومی اور صوبائی سطح کے اعدادوشمار، پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کا مربوط نظام بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ بینکاری، ٹیلی کام اور دیگر سرکاری اداروں کے لیے تصدیقی خدمات کو بھی ایک پلیٹ فارم پر ضم کر دیا گیا ہے۔
شہری سہولت کے لیے کال سنٹر، آئی وی آر اور ای میل سپورٹ کو مزید بہتر بنایا گیا ہےجبکہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کا نظام بھی زیادہ مؤثر کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نادرا کیریئر پورٹل کو اپ گریڈ کیا گیا ہے آن لائن درخواست دینے کا عمل آسان بنایا گیا ہے اور ملک کے اندر و بیرون ملک نادرا نیٹ ورک کی مکمل معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔رجسٹریشن مراکز اور موبائل وینز کی تفصیلات، رائٹ ٹو انفارمیشن اور میڈیا سینٹر کے سیکشنز کو بھی جدید انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔