بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سہاسنی مولے نے اپنی شادی کی دلچسپ داستان بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 60 سال کی عمر میں پہلی بار شادی کی، اور یہ رشتہ محض 75 دن کی جان پہچان کے بعد ازدواجی بندھن میں تبدیل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ اداکارہ نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ کئی دہائیوں تک غیر شادی شدہ رہیں کیونکہ انہیں اپنی زندگی کے لیے کوئی موزوں ساتھی نہیں ملا تھا۔
سہاسنی مولے نے بتایا کہ ان کی دوست نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ کام کے بہتر مواقع حاصل کرنے کے لیے فیس بک اکاؤنٹ بنائیں۔ ایک روز سوشل میڈیا براؤز کرتے ہوئے ان کی نظر اتُل نامی شخص کی پروفائل پر پڑی، جس نے فوراً ان کی توجہ حاصل کرلی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے اتُل کو پیغام بھیجا جس کے بعد دونوں کے درمیان دوستانہ گفتگو کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے ایک دوسرے سے ای میلز کا تبادلہ کیا اور رابطہ مزید مضبوط ہوتا گیا۔
سہاسنی مولے نے بتایا کہ اتُل، جو پیشے کے اعتبار سے ایک معروف سائنسدان ہیں، زندگی کے ساتھی کی تلاش میں تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے کبھی براہ راست شادی کی پیشکش نہیں کی بلکہ ہمیشہ اشاروں کنایوں میں اپنی خواہش کا اظہار کرتے رہے۔
اداکارہ کے مطابق وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان گہری دوستی قائم ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ یوں فیس بک پر ہونے والی ایک اتفاقی ملاقات صرف 75 دن میں شادی کے بندھن تک جا پہنچی۔
واضح رہے کہ سہاسنی مولے بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور اس وقت ان کی عمر 75 برس ہے۔