اسلام آباد معاہدے پر عمل درآمد، پاکستان کی ثالثی میں امریکا ایران مذاکرات آج سے شروع

اسلام آباد معاہدے پر عمل درآمد، پاکستان کی ثالثی میں امریکا ایران مذاکرات آج سے شروع

سوئٹزرلینڈ کے شہر برجنسٹاک میں آج امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہوگا جو حال ہی میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور معاہدے پر عمل درآمد کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیے جا رہے ہیں۔

سوئس وزارت خارجہ کے مطابق امریکی اور ایرانی مندوبین برجنسٹاک میں ملاقات کریں گے جہاں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مختلف نکات اور ان پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے پاکستان اور قطر کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کی جانب سے کون سے اعلیٰ حکام یا نمائندے شرکت کریں گے اور نہ ہی اس بات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں کہ مذاکرات براہِ راست ہوں گے یا بالواسطہ انداز میں آگے بڑھائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی

سوئس حکام نے ملاقات کے ایجنڈے اور دورانیے سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔ تاہم ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان اعتماد سازی، علاقائی کشیدگی میں کمی اور مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے عملی اقدامات زیرِ غور آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر امریکی اور ایرانی قیادت کے دستخطوں کے بعد پاکستان نے ثالثی کی اہم ذمہ داری ادا کی تھی۔ وزیراعظم پاکستان نے بھی بطور ثالث اس مفاہمتی عمل میں کردار ادا کیا، جسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

 سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے یہ مذاکرات مستقبل میں امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

editor

Related Articles