وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ریاست اپنے قومی مفادات، سلامتی اور استحکام کے خلاف سرگرم ہر گروہ سے قانون کے مطابق نمٹے گی۔
شکرگڑھ میں مختلف تقریبات سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بعض عناصر ذاتی مفادات اور سیاسی مقاصد کے لیے ایسا زہریلا بیانیہ پھیلا رہے ہیں جو دشمن ممالک کے پروپیگنڈے سے بھی زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان، ریاستی اداروں اور قومی وحدت کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آج عالمی برادری پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور قومی استقامت کا اعتراف کر رہی ہے، پاکستان نے حالیہ حالات میں نہ صرف اپنے مؤقف کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم معیشت کے لیے ملک میں امن، سیاسی استحکام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ناگزیر ہے۔ انتشار، فساد اور بے یقینی کی فضا پیدا کرنے والے عناصر درحقیقت قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں، اس لیے پوری قوم کو متحد ہو کر ایسے منفی رجحانات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی بجٹ میں برآمدات بڑھانے، صنعت کو فروغ دینے اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے خصوصی مراعات دی گئی ہیں تاکہ ملکی معیشت مزید مضبوط ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کا اعتماد ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے گا۔