عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل مزید ساڑھے چار فیصد تک سستا ہو گیا ہے۔ توانائی کی عالمی منڈی میں حالیہ کمی کے بعد خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر جنگ سے قبل کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت کم ہو کر 68 ڈالر 65 سینٹ فی بیرل رہ گئی ہے جبکہ برینٹ کروڈ آئل 71 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل پر آ گیا ہے۔ اسی طرح ابوظبی بینچ مارک مربان کروڈ کی قیمت بھی کم ہو کر 67 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ایران پر حملوں سے قبل بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً اسی سطح پر تھیں۔ اس وقت برینٹ کروڈ کی قیمت 70 ڈالر 89 سینٹ فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 66 سے 70 ڈالر فی بیرل کے درمیان ٹریڈ کر رہا تھا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 26 جون کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل کمی کے بعد 71 ڈالر فی بیرل تک آ گئیں جبکہ دبئی خام تیل کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے پیچھے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں نسبتاً کمی رسد سے متعلق خدشات میں کمی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط حکمت عملی اختیار کرنا اہم عوامل ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہتی ہیں تو اس کے اثرات آئندہ دنوں میں تیل درآمد کرنے والے ممالک کی معیشت اور توانائی کے شعبے پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔