خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، برطانوی وزیر خارجہ

خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، برطانوی وزیر خارجہ

برطانیہ کے وزیر خارجہ ایوویٹ کوپر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ایوویٹ کوپر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو برطانیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گدھوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، انتہائی منافع بخش کاروبار

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے آگے بڑھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ علاقائی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Related Articles