امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ کے بغیر نیٹو ایک کاغذی شیر ہے اور وہ ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنے کی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب جب یہ جنگ جیت لی گئی ہے تو وہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی شکایت کرتے ہیں، اس کے باوجود وہ آبنائے ہرمز کو کھولنے میں مدد نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے بقول یہ کام نیٹو کے لیے نہایت آسان ہے اور اس میں خطرہ بھی بہت کم ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ آبنائے ہرمز کی بندش ہے۔ انہوں نے نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بزدل ہیں اور امریکہ ان کی یہ بزدلی یاد رکھے گا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں مزید ہزاروں فوجی بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے تین امریکی حکام نے گفتگو میں اس فیصلے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔