عیدالفطر کے اجتماعات، مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کراچی پولیس نے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر قائد میں مجموعی طور پر 12 ہزار 145 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت کراچی ساؤتھ میں 4 ہزار 302، ایسٹ میں 3 ہزار 813 اور ویسٹ میں 4 ہزار 30 اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ تمام اہم عیدگاہوں، بڑی مساجد اور امام بارگاہوں پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب پشاور پولیس نے بھی چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ساڑھے پانچ ہزار سے زائد افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
پشاور کے سیکیورٹی پلان میں لیڈیز پولیس، ابابیل اسکواڈ، سٹی پٹرولنگ فورس، آر آر ایف، اے ٹی ایس اور بی ڈی یو سمیت دیگر یونٹس کو شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
پولیس کے مطابق شاپنگ بازاروں میں لیڈیز پولیس کے ساتھ سنیفر ڈاگز بھی تعینات ہوں گے جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
مزید برآں شہر کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، عید گاہوں اور مساجد پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو عید کے موقع پر محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔