بھارت کی تامل فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سینیئر فلم پروڈیوسر کے راجن کی اچانک موت کی خبر نے شوبز حلقوں کو غمزدہ کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ پروڈیوسر نے چنئی کے آدیار دریا میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کے راجن اپنے ڈرائیور کے ساتھ سفر کررہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آدیار پل عبور کرتے ہوئے انہوں نے اچانک ڈرائیور کو گاڑی روکنے کی ہدایت دی۔ گاڑی رکتے ہی وہ فوری طور پر باہر نکلے اور دریا میں چھلانگ لگادی۔
واقعے کے بعد ڈرائیور نے فوری طور پر ریسکیو حکام اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دریا میں تلاش کا آپریشن شروع کیا گیا۔ کچھ دیر بعد ریسکیو اہلکاروں نے سینیئر پروڈیوسر کی لاش دریا سے نکال لی، جسے قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کے راجن نے 1980 کی دہائی کے آغاز میں تامل فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے اپنے طویل فلمی سفر کے دوران کئی کامیاب فلمیں پروڈیوس کیں، جبکہ بعض منصوبوں میں ہدایت کاری کے فرائض بھی انجام دیے۔
فلمی دنیا میں ان کی خدمات کو نمایاں مقام حاصل تھا اور وہ تامل فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے تھے۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد تامل فلم انڈسٹری کی متعدد شخصیات، اداکاروں اور پروڈیوسرز کی جانب سے افسوس اور گہرے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسے خودکشی کا واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔