اسٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم فراڈ سے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور اس کی روک تھام کے لیے تمام کمرشل بینکوں کو سیکیورٹی نظام مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بینک سی سی ٹی وی کیمرے 24 گھنٹے فعال اورمشکوک سرگرمی سے صارف کو فوری آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے ، صارفین کےتحفظ کے لیےعالمی معیار کے چِپ اینڈ پن کارڈز جاری کرنےکی بھی ہدایت دی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا ہےکہ اے ٹی ایم ٹرانزیکشنزمیں فراڈ روکنے کے لیےجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اورمشینوں میں ضروری حفاظتی آلات کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
ہدایت میں مزید کہا گیا ہےکہ اے ٹی ایم سسٹمز اور سافٹ ویئرزکوباقاعدگی سے اپڈیٹ کیا جائے اور بینکنگ نیٹ ورک کے درمیان محفوظ اورخفیہ رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق اے ٹی ایم فراڈکا شکارہونےکی صورت میں صارفین فوری طورپرمتعلقہ بینک کی ہیلپ لائن سےرابطہ کریں،جبکہ شکایت حل نہ ہونےکی صورت میں اسٹیٹ بینک کےآن لائن شکایتی پورٹل سےرجوع کیا جا سکتا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہدایات کے بعد توقع ہے کہ کمرشل بینک آن لائن بینکاری اور اے ٹی ایم سروسز کے سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنائیں گے تاکہ صارفین کو مالی فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے، ماہرین نے بھی صارفین کو مشکوک لنکس، کالز اور غیر محفوظ ٹرانزیکشنز سے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔