حملوں کی نئی لہر ، اسرائیل کا ایران میں بیلسٹک میزائلوں کے لانچ پیڈز پر حملہ

حملوں کی نئی لہر ، اسرائیل کا ایران میں بیلسٹک میزائلوں کے لانچ پیڈز پر حملہ

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے  کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایرانی نظام کو 230 فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے، ان حملوں میں بیلسٹک میزائل داغنے والے لانچ پیڈز پر توجہ مرکوز کی گئی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تہران میں ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات پر حملوں کی نئی لہر منگل کی صبح مکمل کر لی گئی ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ان حملوں کا مقصد ایرانی نظام کی اسلحہ سازی کی صنعتوں کو گہرا نقصان پہنچانا ہے،  تباہ کیے گئے اہداف میں ایک ایسی فیکٹری بھی شامل ہے جو بیلسٹک میزائلوں کے وار ہیڈز تیار کرنے اور ان میں دھماکہ خیز مواد بھرنے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔

بیان کے مطابق جدید ترین ہتھیاروں کے اجزاء کی تحقیق و ترقی کے ایک کمپلیکس اور بیلسٹک میزائلوں کے پرزہ جات تیار کرنے والی ایک سائٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا،  اس کے علاوہ ٹینک شکن میزائلوں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے کم فاصلے کے میزائلوں کی تیاری اور ترقی کے مراکز بھی اس حملے کی زد میں آئے۔

بعد ازاں ایرانی میڈیا نے بوشہر میں ایک مقام پر بمباری کے نتیجے میں دو دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی، جبکہ ملک کے جنوب میں بندر عباس کو نشانہ بنانے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں ،  اسی دوران وسطی ایران میں نطنز کے مقام پر شدید بمباری کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

تل ابیب پر ایرانی حملے

دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے وسطی اسرائیل پر ایرانی بمباری کے بعد میزائلوں کا ملبہ گرنے سے تل ابیب کے علاقے میں 6 افراد کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے،  تل ابیب کے علاقے میں ملبہ گرنے کے مقامات سے چھ معمولی زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح  تل ابیب میں دو بار خطرے کے سائرن بجے اور شہر کے مضافات میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،  اسرائیلی نشریاتی ادارے (کان) کے مطابق ملبہ گرنے کے ایک مقام پر کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا، اسرائیل مستقبل میں حملے نہ کرنے کی ضمانت دیں تو جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں ، ایرانی صدر

اس کے مقابلے میں ایرانی مسلح افواج نے بن گوریون اور حیفا کے علاقوں میں اسرائیلی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے ہیں،  ایرانی فوج کے ایک بیان کے مطابق ان حملوں میں اے ٹی اینڈ ٹی اور سیمنز کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے بیان کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی افواج نے بن گوریون اور حیفا میں سیمنز اور اے ٹی اینڈ ٹی جیسی کمپنیوں کی تزویراتی طور پر اہم مواصلاتی اور صنعتی تنصیبات پر تباہ کن ڈرون حملے کیے ہیں۔

قبل ازیں ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک بیان میں کہا  کہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف جاری جنگ ختم کرنے کو تیار ہیں اگر ان کی طرف سے مضبوط ضمانتیں دی جائیں کہ مستقبل میں وہ دوبارہ حملہ نہیں کریں گے۔

یہ میدانی اور سیاسی تبدیلیاں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب چین اور روس نے ایک بار پھر ثالثی اور جنگ کے خاتمے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے ،  یہ صورتحال تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز میں نقل و حمل کی معطلی اور امریکی صدر کی دھمکیوں کے درمیان پیدا ہوئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *